مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی ایڈووکیٹ، وزیر لائیو سٹاک جناب فضل حکیم خان یوسفزئی اور ایم پی اے سلطانی روم نے سیدو ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر سوات بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایم ایس سیدو ٹیچنگ ہسپتال, ڈاکٹر جمیل احمد نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، علاج معالجے کے معیار اور بالخصوص حالیہ شدید بارشوں و سیلاب سے متاثرہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی بروقت طبی سہولیات اور ادویات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ مریضوں کو نہ صرف فوری طبی امداد فراہم کی گئی بلکہ ادویات اور بحالی کے تمام اقدامات بھی بروقت یقینی بنائے گئے۔ مشیر صحت احتشام علی ایڈووکیٹ نے ایم ایس اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ نے اس مشکل وقت میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایم ایس کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا اور ہسپتال اتظامیہ کے کاوشوں کو بھی سراہا ۔ اس موقع پر مشیر صحت نے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجے کے حوالے سے ان کے تاثرات معلوم کیں ۔ انہوں نے مریضوں سے عملے کے رویے اور دستیاب سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ مشیر صحت نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں.












