ڈاکٹر نجیب اللہ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہاسپٹلز کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات۔۔ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہاسپٹلز کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نجیب اللہ نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔ اس اہم موقع پر سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر نعیم اللہ نے باقاعدہ طور پر چارج نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو حوالے کیا۔ چارج کی منتقلی کی تقریب میں ادارے کی دیگر سینیئر قیادت بھی موجود تھی، جنہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر نجیب اللہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ادارے کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر نجیب اللہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہاسپٹلز کی ٹیم کے ساتھ مل کر ادارے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا مقصد اس ادارے کو اعلیٰ، ممتاز اور عالمی معیار کے صحت کے اداروں میں شمار کرانا ہے، جہاں مریضوں کو اعلیٰ ترین اور جدید طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح یہ ہو گی کہ ہر مریض کو بہترین علاج فراہم کیا جائے، اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔